the etemaad urdu daily news
آیت شریف حدیث شریف وقت نماز

ای پیپر

انگلش ویکلی

To Advertise Here
Please Contact
editor@etemaaddaily.com

اوپینین پول

کیا آپ کو لگتا ہے کہ روتوراج گائیکواڑ چنئی سپر کنگز کے لیے اچھے کپتان ثابت ہوں گے؟

جی ہاں
نہیں
کہہ نہیں سکتے
ویدیں پیغمبراسلام کے تذکرہ سے پُر،گیتا اور قرآن کی تعلیمات میں غیر معمولی ہم آہنگی :مقررین
حیدرآباد، 22؍فروری: (شاہنوازبدرقاسمی)
المعہد العالی الاسلامی حیدرآبا د کے زیر اہتمام جاری بین الاقوامی سیرت نبوی ﷺ اور عصر حاضر سیمینار کے دوسرے دن کی پہلی نشست کا آغاز معہد کے شعبہ انگریزی کے متعلم ثناء اللہ کی تلاوت قرآن سے ہوا، شعبہ فقہ کے متعلم تاثیر نبی نے اپنی پر سوز آواز میں نعت نبی سے سامعین کے دلوں کو معطر کیا۔ اس نشست کا مرکزی عنوان پیغمبراسلام ﷺ اور دیگر مذہبی کتابیں تھا۔ دارالعلوم سبیل السلام کے استاذ حدیث اورمعروف اسلامی اسکالر مولانا نثار الحصیری القاسمی نے عنوان کا تعارف کراتے ہوئے اپنے تمہیدی کلمات میں فرمایا کہ زندگی کی ناہمواریوں ، دنیا کی انارکی اور بے راہ روی کا واحد حل سیرت محمدیﷺ سے وابستگی ہے ، ہمیں فکر ونظر کا چراغ نبی اکرم ﷺ کے چراغ سے جلانا چاہئے ۔ مولانا قاسمی کی تمہیدی گفتگو کے بعد پیغمبراسلام اور ویدیں کے عنوان پر مشہور داعی جناب عبداللہ طارق (رامپور)نے اپنامقالہ پیش کیا انہوں نے چاروں ویدوں کی عبارتیں اور اشلوک پڑھ کر ثابت کیا کہ ہندو سناتن دھرم نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات اور آپ کی شخصیت سے ناآشنا نہیں ہے۔ ویدیں نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات سے ہم آہنگی رکھتی ہیں، ویدوں نے نبی ﷺ کا متعدد مقام پر بحیثیت رسول اور نبی ذکر کیا ہے۔ اس نشست میں دوسرے اہم موضوع یعنی پیغمبر اسلام ﷺ اور گیتا کے عنوان سے جناب عبدالرشید آگوان نے اپنا مقالہ پیش کیا، آگوان نے دعویٰ کیا کہ گیتا کے مطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ قرآنی تعلیمات اور گیتا کی تعلیمات میں ہم آہنگی ہے۔ انہوں نے مختلف اشلوک پڑھ کر گیتا اور قرآن کی ہم آہنگی کی مثالیں پیش کیں۔ اقبال احمد انجینئر (حیدرآباد)نے اپنے مقالہ پیغمبر اسلام اور بائبل میں دعویٰ کیا کہ بائبل میں تحریف کے باوجود دونوں عہد ناموں میں نبی کریم ﷺ کی نبوت کی تصدیق موجود ہے۔ اور بطور استشہاد دونوں عہد ناموں سے مختلف عبارتیں پیش کیں۔پیغمبر اسلامﷺ اور بدھ مت کے عنوان سے جناب سید مقصود احمد (ظہیر آباد) نے اپنا وقیع علمی مقالہ پیش کیا۔ انہوں نے گوتم بدھ کے عدم تشدد کی تعلیم کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بتلانے کی کوشش کی کہ بدھ ایک مذہبی اصطلاح ہے اور جس کے معنی رسول اور پیغمبر کے ہیں۔ بدھ کسی خاص شخصیت کا نام نہیں بلکہ یہ خدا کے فرستادہ کا مفہوم ادا کرنے کے لئے ہوتا ہے چنانچہ گوتم بدھ نے خود کہا تھا کہ میں تنہا بدھا نہیں ہوں بلکہ میرے بعد بھی کئی بدھے آئیں گے ، تم اپنے زمانے کے بدھا کی اتباع کرنا۔ پیغمبر اسلام اور گرو گرنتھ کے عنوان پر جناب گفتگو کی انہوں نے گرو گرنتھ اور صاحب کی اصطلاع کی تشریح کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں مشہور عالم دین اور گجرات کی علمی دینی شخصیت مولانا عبداللہ کاپودروی (مہتمم فلاح دارین ترکیسر) نے نئی نسل کے علماء اور نوجوان فضلا کی توجہ مذاہب کے مطالعے کی طرف مبذول کراتے ہوئے کہاکہ ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم دیگر مذاہب کے مقدس کتابوں سے براست استفادہ کے اہل نہیں ہیں۔ اگر سنسکرت اور انجیل تورات وغیرہ کی زبان سیکھیں اور ان کی مقدس کتابوں سے نبی ﷺ کے بارے میں بشارتیں اور پیشین گوئیوں کو نقل کریں تو دعوتی مہم میں کارآمد ثابت ہوں گے۔ انہوں نے بدھشٹوں کے مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بدھشٹوں کو گوتم بدھ کی تعلیمات



کی روشنی میں یہ باور کرانے کی ضرورت ہے کہ تم اپنے مذہب کا گلا خود اپنے ہاتھوں سے گھونٹ رہے ہو۔ مولانا کاپودروی نے برما، رنگون، سری لنکا اور دیگر ممالک میں بدھشٹوں کے ذریعے مسلمانوں پر ڈھائے جارہے مظالم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا یہ ضروری ہے کہ مسلم علماء بدھ دانشوران سے گفت وشنید کریں اور ان سے ڈائیلاگ کا سلسلہ شروع کریں اور انہیں بتائیں کہ جو مذہب ایک چیونٹی کے قتل کو گوارا نہیں کرتا اس کے ماننے والوں کے لئے کیا یہ بات زیبا ہے کہ وہ انسانوں کے خون سے ہولی کھیلے۔ آج مقالات کی دوسری نشست کا مرکزی عنوان پیغمبر اسلام اور غیر مسلموں کے اعترافات تھا۔ اس نشست کی صدارت مدرسہ صولتیہ مکہ مکرمہ کے مہتمم مولانا حشیم صاحب نے کی ۔ اس نشست میں جو اہم مقالات پیش کیے گئے ان میں ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی کا مقالہ المعہد العالی الاسلامی کے استاذ مولانا شاہد علی قاسمی نے پیغمبر اسلام ﷺ ہندوستانی دانشوروں کی نظرمیں پیش کیا۔ اس نشست کا اہم مقالہ پیغمبر اسلام ﷺ کی بارگاہ میں غیر مسلم شعراء کا خراج احترام ڈاکٹر راہی فدائی باقوی (بنگلور ) نے پڑھا۔ انہوں نے متعدد غیر مسلم شعراء جن کا تعلق ہندوستان کی مختلف ریاستوں او رشہروں سے ہے کہ اشعار اور مصرعے پڑھ کر سنائے، ڈاکٹر فدائی نے اپنے مقالے میں یہ صراحت کی کہ ردیف وقافیہ کے بندھن میں پرو کر پیش کیے گئے اشعار محض احترام انسانیت کے جذبات کی عکاسی کرتے ہیں نہ کہ ان شعراء کے دل مومن کا آئینہ ہیں۔ عام طور پر لکھنے والے لکھ جاتے ہیں کہ ان شعراء کا دل بھی نور محمدیﷺ سے منور ہے تبھی تو یہ اشعار ان کے قلم وزبان سے نکلتے ہیں حالانکہ اس میں مکمل سچائی نہیں ہے۔ اس نشست میں ڈاکٹر سعود عالم قاسمی (صدر شعبہ دینیات مسلم یونیورسٹی علی گڑھ) نے پیغمبراسلام ﷺ مغربی دانشوروں کی نظر میں کے عنوان سے اپنا مقالہ پیش کیا اور مغربی محققین کی دسیسہ کاریوں اور ان کی علمی بددیانتیوں کو آشکار کیا۔ انہوں کہا صرف ایک گوئٹے ہے جس نے نبی اکرم ﷺ کے بارے میں مثبت باتیں تحریر کی۔ انہوں نے گوئٹے کا ایک خوبصورت اقتباس بھی پڑھ کر سنایا۔ ان کے علاوہ مولانا علیم الدین اشرف جائسی (مولانا آزاد اردو یونیورسٹی حیدرآباد) نے پیغمبر اسلام کے بارے میں ہندوستان کے غیر مسلم بھائیوں کی تالیفات جبکہ مولانا سہیل اختر ندوی (کشن گنج) نے اپنا مقالہ پیغمبر اسلامﷺ کی امن پسندی اور مستشرقین کا اعتراف کے عنوان سے ا پنا مقالہ پیش کیا۔واضح رہے کہ مقالات کی پہلی نشست میں مولانا محمد کلیم صدیقی ٖ(پھلت) ، مولانا سید اسلام الدین مجاہد، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، مولانا عمیر صدیق ندوی، مصطفیٰ عبدالقدوس ندوی، شوکت ثناء قاسمی، محی الدین غازی فلاحی، مفتی اشرف عباس قاسمی،مولاناشکیب قاسمی، ڈاکٹر فہیم اختر ندوی وغیرہ نے سیرت نبویﷺ کے مختلف پہلوؤں پر بیش قیمت اور وقیع مقالات پیش کئے۔ ابھی سیمینار کی متعدد نشستیں باقی ہیں ، جن میں مختلف علمی، تحقیقی مقالے پیش کیے جائیں گے، آخری نشست کے بعد تجویز کمیٹی تجاویز پیش کرے گی۔ اس موقع پر امیر شریعت کرناٹک مفتی اشرف علی باقوی، مولانا شاہ عالم گورکھپوری، مفتی عبداللہ معروفی، مولانا نورالحسن راشد کاندھلوی، مولانا عتیق احمد بستوی وغیرہ اسٹیج پر موجود رہے۔ اس نشست کا اختتام کانفرنس کے روح رواں اور داعی مولانا خالد سیف ا للہ رحمانی کے شکریہ پر ہوا۔
اس پوسٹ کے لئے کوئی تبصرہ نہیں ہے.
تبصرہ کیجئے
نام:
ای میل:
تبصرہ:
بتایا گیا کوڈ داخل کرے:


Can't read the image? click here to refresh
خصوصی میں زیادہ دیکھے گئے
http://st-josephs.in/
https://www.owaisihospital.com/
https://www.darussalambank.com

موسم کا حال

حیدرآباد

etemaad rishtey - a muslim matrimony
© 2024 Etemaad Urdu Daily, All Rights Reserved.